پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی

ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد ہیپاٹائٹس کی پیچیدگیوں کے باعث جگر کے سرطان یا جگر سکڑنے جیسے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

November 7, 2026 · قومی
پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد ایک کروڑ 29 لاکھ سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد تشویش ناک حد تک بڑھ کر ایک کروڑ 29 لاکھ ہو گئی ہے، جس کے بعد ملک اس مرض کے متاثرین کی تعداد کے لحاظ سے دنیا میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہر سال تقریباً 20 ہزار افراد ہیپاٹائٹس کی پیچیدگیوں کے باعث جگر کے سرطان یا جگر سکڑنے جیسے امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔

وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر ضیاء کے مطابق پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے مریضوں کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر 20 منٹ بعد ایک شخص ہیپاٹائٹس کی پیچیدگیوں کے باعث زندگی سے محروم ہو رہا ہے۔

مرض کی روک تھام کے لیے وزیراعظم انسدادِ ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں شہریوں کی مفت طبی جانچ جاری ہے۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مزید تشخیص اور علاج کی سہولت بھی بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پروگرام کو دیگر علاقوں تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق غیر معیاری طبی طریقہ کار، عطائی ڈاکٹروں اور دندان سازوں کے ہاں آلودہ آلات کا استعمال، غیر محفوظ انتقالِ خون اور سرنجوں کا دوبارہ استعمال اس مرض کے پھیلاؤ کی اہم وجوہات ہیں۔

وفاقی حکومت نے 2030 تک ملک سے ہیپاٹائٹس کے خاتمے کا ہدف مقرر کیا ہے۔