پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹیاں بنانے کی تجویز

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے اس حوالے سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کو مراسلہ ارسال کیا ہے

November 7, 2026 · قومی
پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹیاں بنانے کی تجویز

پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے کمیٹیاں بنانے کی تجویز

لاہور: پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو ہراسانی، تشدد اور آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن کمیٹیاں قائم کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو پنجاب سارہ احمد نے اس حوالے سے سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کو مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں بچوں کے تحفظ سے متعلق آگاہی کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

مراسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت سرکاری اسکولوں میں بچوں کے تحفظ کے لیے ایک جامع آگاہی اور حفاظتی نظام متعارف کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

سارہ احمد نے سفارش کی ہے کہ اسکولوں میں طلبہ، اساتذہ اور والدین پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ یہ کمیٹیاں بچوں کو ان کے حقوق سے آگاہ کرنے، تحفظ سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور متعلقہ اداروں تک بروقت شکایات پہنچانے کی ذمہ داری انجام دیں گی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بچوں کو گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ، ذاتی حدود اور جسمانی تحفظ سے متعلق تعلیم دی جائے۔ اس کے علاوہ انہیں نامناسب رویوں کی شناخت اور کسی قابل اعتماد بڑے کو فوری طور پر آگاہ کرنے کے طریقے بھی سکھائے جائیں۔

بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ڈیجیٹل تحفظ کی تعلیم بھی نصاب میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس میں سائبر بُلنگ، آن لائن ہراسانی، آن لائن گرومنگ اور ڈیجیٹل استحصال سے بچاؤ کے طریقے شامل ہیں۔

سارہ احمد کے مطابق بچوں کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال، آن لائن نجی معلومات کے تحفظ اور ڈیجیٹل سرگرمیوں کے ممکنہ اثرات سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔