ٹیسٹ میچز میں پرفارمنس سینئرز کی بھی ذمے داری ہے،سعود شکیل
قومی ٹیم میں نئے اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جن کے لیے یہ ہوم سیریز اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے۔
سعود شکیل کا ٹیسٹ کرکٹ میں ناقص کارکردگی پر سینئر کھلاڑیوں کو بھی ذمہ دار قرار
اسلام آباد: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی میں تسلسل نہ ہونے کی ذمہ داری صرف نوجوان کھلاڑیوں پر نہیں بلکہ سینئر کھلاڑیوں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعود شکیل کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ قومی ٹیم میں نئے اور نوجوان کھلاڑی شامل ہیں، جن کے لیے یہ ہوم سیریز اپنی صلاحیتیں منوانے کا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ نومبر میں راولپنڈی کا موسم ٹیسٹ کرکٹ کے لیے موزوں ہے۔ دورہ انگلینڈ کے دوران ان کی بیٹنگ کا ردھم بحال ہوا، وہ اپنی کارکردگی میں بہتری سے مطمئن ہیں جبکہ قائداعظم ٹرافی میں بھی ان کی پرفارمنس اچھی رہی۔
سعود شکیل نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی کنڈیشنز پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ میدان بعض اوقات فاسٹ بولرز کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے، تاہم اگر کوئی بیٹر وکٹ پر سیٹ ہوجائے تو اس کے لیے شاٹس کھیلنا آسان ہوجاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سنچری بنا چکے ہیں اور اس میدان سے ان کی کئی اچھی یادیں وابستہ ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ 9 نومبر سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔