لاہور میں ایل پی جی سرکاری نرخوں سے دوگنی قیمت پر فروخت ہونے لگی

سرکاری قیمت 295 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور میں صارفین کو یہی گیس 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے

November 7, 2026 · قومی
لاہور میں ایل پی جی سرکاری نرخوں سے دوگنی قیمت پر فروخت ہونے لگی

لاہور میں ایل پی جی سرکاری نرخوں سے دوگنی قیمت پر فروخت ہونے لگی

لاہور: شہر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی نہ آنے کے باعث شہری مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں۔ اوگرا کی جانب سے سرکاری قیمت کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود دکانوں پر ایل پی جی مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایل پی جی کی سرکاری قیمت 295 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم لاہور میں صارفین کو یہی گیس 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔

دکانداروں کا مؤقف ہے کہ اوگرا گزشتہ دو ماہ سے ایل پی جی کی غیر قانونی مہنگی فروخت کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پیرا فورس اور دیگر متعلقہ ادارے کارروائی کے دوران ان کے پمپ اٹھا کر لے جاتے ہیں، جبکہ ایل پی جی مافیا مبینہ طور پر بھاری منافع کما رہا ہے۔

دکانداروں کے مطابق انہیں گیس ساڑھے پانچ سو سے 600 روپے فی کلو کے حساب سے مل رہی ہے، ایسے میں وہ اسے 295 روپے فی کلو کیسے فروخت کر سکتے ہیں؟ ان کا کہنا ہے کہ جب انہیں ایل پی جی سستے داموں دستیاب ہوگی تو وہ بھی صارفین کو کم قیمت پر فروخت کر سکیں گے۔