بینک الفلاح کا افغانستان سے 20 سال بعد مکمل انخلا،تمام اثاثے فروخت کر دیے

اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور د افغانستان بینک سے ضروری منظوری حاصل کرنے سمیت دیگر تمام شرائط بھی پوری کر لی گئی ہیں۔

November 7, 2026 · قومی
بینک الفلاح کا افغانستان سے 20 سال بعد مکمل انخلا،تمام اثاثے فروخت کر دیے

بینک الفلاح کا افغانستان سے 20 سال بعد مکمل انخلا،تمام اثاثے فروخت کر دیے

کراچی: پاکستان کے معروف بینک الفلاح نے دو دہائیوں تک افغانستان میں بینکاری خدمات فراہم کرنے کے بعد اپنی تمام سرگرمیاں ختم کرتے ہوئے وہاں سے مکمل طور پر کاروبار سمیٹ لیا ہے۔

بینک کی جانب سے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹس میں بتایا گیا کہ افغانستان میں اثاثوں اور کاروباری سرگرمیوں کی فروخت کا معاہدہ 5 نومبر کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس لین دین کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور د افغانستان بینک سے ضروری منظوری حاصل کرنے سمیت دیگر تمام شرائط بھی پوری کر لی گئی ہیں۔

دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں نے بینک الفلاح کو افغانستان میں اپنی بینکاری سرگرمیاں غزنفر بینک کو فروخت اور منتقل کرنے کی اجازت دی۔

بینک الفلاح کے مطابق افغانستان میں اس کی بینکاری خدمات ختم ہو چکی ہیں، جبکہ وہاں قائم شاخوں کی بندش کا عمل متعلقہ ضابطہ کار کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بینک الفلاح نے 2005 میں کابل سے افغانستان میں اپنے کاروبار کا آغاز کیا تھا، جہاں صارفین کو روایتی اور اسلامی بینکاری کی سہولتیں فراہم کی جا رہی تھیں۔