بشریٰ بی بی کا طبی سہولیات اور مکمل میڈیکل ریکارڈ کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیماری کی تشخیص، علاج اور طبی معائنے سے متعلق تمام تفصیلات اور دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں۔
بشریٰ بی بی کا طبی سہولیات اور مکمل میڈیکل ریکارڈ کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع
اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بشریٰ بی بی نے طبی سہولیات کی فراہمی اور اپنے مکمل میڈیکل ریکارڈ کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر متفرق درخواست میں اڈیالہ جیل حکام سے تازہ اور تفصیلی میڈیکل رپورٹ طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیماری کی تشخیص، علاج اور طبی معائنے سے متعلق تمام تفصیلات اور دستاویزات عدالت میں پیش کی جائیں۔
درخواست گزار نے فوری طور پر ماہر امراضِ چشم سے معائنہ کرانے اور جیل کے میڈیکل افسر کی موجودگی میں طبی مشاورت کی اجازت دینے کی بھی استدعا کی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بینائی تیزی سے متاثر ہو رہی ہے، اس لیے آنکھوں کی صحت محفوظ رکھنے کے لیے فوری طبی اقدامات کیے جانا ضروری ہیں۔
بشریٰ بی بی نے عدالت سے ذاتی اخراجات پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کرانے کی اجازت اور جیل میں مناسب طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی درخواست بھی کی ہے۔
یہ درخواست بیرسٹر سلمان صفدر، سلمان اکرم راجہ اور دیگر وکلا کی جانب سے دائر کی گئی، جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ڈائری نمبر بھی الاٹ کردیا گیا ہے۔