امریکا ایران تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے،قطری وزیراعظم
گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور واشنگٹن کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
امریکا ایران تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے،قطری وزیراعظم
لندن: قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے کہا ہے کہ امریکی انتظامیہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کا سفارتی حل نکالنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے سنجیدہ ہے۔
آکسفورڈ یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے قطری وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ دو ہفتوں سے امریکی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور واشنگٹن کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے نتائج مستقبل میں امریکی پالیسی پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، تاہم انتخابی شکست کے باوجود امریکی انتظامیہ کی جانب سے تنازع کا سفارتی حل تلاش کرنے کی خواہش میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے مطابق حالیہ دنوں میں سفارتی رابطوں کی رفتار ضرور سست ہوئی ہے، لیکن بات چیت کا سلسلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا۔
قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ قطر، ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششیں جاری رکھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مکمل امن معاہدے کا انتظار کرنے کے بجائے فوری طور پر ایسا قابل عمل سمجھوتا کرنا ضروری ہے جس سے خطے میں کشیدگی کم کی جاسکے۔