پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان
حکومت ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے
پیٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو دوبارہ سڑکوں پر آئیں گے، حافظ نعیم الرحمان
کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس حوالے سے عملی اقدامات نہ کیے گئے تو جماعت اسلامی دوبارہ احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے گی۔
ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم کی جائے، حکومت ہر ماہ تقریباً 150 ارب روپے لیوی کی مد میں وصول کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار سے بھی اس معاملے پر بات کی گئی ہے اور حکومتی سطح پر ایک سے دو روز میں اعداد و شمار فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق انہوں نے اسحاق ڈار کو تجویز دی ہے کہ بڑی گاڑیوں پر لیوی بڑھا دی جائے تاکہ متوسط اور غریب طبقے کو پیٹرول کی قیمتوں میں ریلیف مل سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگی گاڑیاں رکھنے والے زیادہ لیوی ادا کرسکتے ہیں، جبکہ عام شہریوں پر بوجھ کم ہونا چاہیے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے ان کی جدوجہد جاری ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوئی، جنہوں نے مزید ریلیف دینے کے لیے وقت مانگا ہے۔ تاہم جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے امریکی انتخابات پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیل کے حامی گروپ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
انہوں نے فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ طوفانِ اقصیٰ کے بعد اسرائیل نے غزہ کو تباہ کیا اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی مزاحمت نے ثابت کیا کہ مزاحمت کیا ہوتی ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے ملکی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور صوبوں میں قائم حکومتیں فارم 47 کی پیداوار ہیں۔ ان کے مطابق کراچی کو تباہی کا سامنا ہے اور کرپشن نے سندھ کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو ایک نئے نظام کی ضرورت ہے، جس میں مسلمان اور مزاحمت کرنے والی قوتیں متحد ہوں۔ ترکیہ کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں فرقہ وارانہ اختلافات کے بجائے اسلام کے اجتماعی نظام پر بات کی جاتی ہے۔