نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی،اسکول بند اور دفاتر میں گھر سے کام کرنے کا حکم
یہ پابندیاں دیوالی سے قبل نافذ کی گئی ہیں، جو اتوار کو منائی جائے گی
نئی دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک حد تک بڑھ گئی،اسکول بند اور دفاتر میں گھر سے کام کرنے کا حکم
نئی دہلی: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی اور گردونواح میں فضائی آلودگی کی شدت میں خطرناک حد تک اضافے کے بعد انتظامیہ نے تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز شروع کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ دفاتر کے ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جمعہ کے روز فضائی معیار انتہائی خراب ہونے پر شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور نجی تقریبات ملتوی کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔ یہ پابندیاں دیوالی سے قبل نافذ کی گئی ہیں، جو اتوار کو منائی جائے گی۔ دیوالی کے موقع پر بڑے پیمانے پر آتش بازی کے باعث فضائی آلودگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔
شمالی بھارت میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی فضائی آلودگی سنگین مسئلہ بن جاتی ہے۔ سرد اور بھاری ہوا گاڑیوں کے دھوئیں، تعمیراتی سرگرمیوں سے اٹھنے والی گردوغبار اور فصلوں کی باقیات جلانے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کو فضا میں روک لیتی ہے، جس سے آلودگی کی سطح مزید بڑھ جاتی ہے۔
تقریباً دو کروڑ آبادی والے شہر نئی دہلی میں گاڑیوں کی بڑی تعداد اور تیزی سے جاری تعمیراتی سرگرمیاں بھی فضائی آلودگی میں اضافے کا سبب بنتی ہیں۔ اس صورتحال کے باعث شہریوں کو سانس لینے میں دشواری سمیت مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
فضائی آلودگی کی پیمائش کرنے والے سوئس ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق نئی دہلی کو اکثر موسم سرما کے دوران دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔