190 ملین پاؤنڈ کیس،سلمان صفدر کا بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق بیانِ حلفی جمع
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت تشویش ناک دکھائی دے رہی تھی اور انہوں نے گہرے سیاہ رنگ کا چشمہ پہن رکھا تھا۔
190 ملین پاؤنڈ کیس،سلمان صفدر کا بشریٰ بی بی کی بینائی سے متعلق بیانِ حلفی جمع
اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بیرسٹر سلمان صفدر نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ملاقات کے حوالے سے اپنا بیانِ حلفی اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
بیانِ حلفی کے مطابق اڈیالہ جیل حکام نے 31 اکتوبر کو بیرسٹر سلمان صفدر کو آگاہ کیا تھا کہ وہ 2 نومبر کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کر سکتے ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے بیانِ حلفی میں بتایا کہ ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت تشویش ناک دکھائی دے رہی تھی اور انہوں نے گہرے سیاہ رنگ کا چشمہ پہن رکھا تھا۔
بیان کے مطابق بشریٰ بی بی نے بتایا کہ وہ سورج کی روشنی اور مصنوعی روشنی دونوں برداشت نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چشمے کے بغیر وہ اپنی آنکھیں بھی نہیں کھول سکتیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ملاقات کے دوران انہیں محسوس ہوا کہ بشریٰ بی بی کی بینائی شدید متاثر ہو چکی ہے۔