پاکستان اور سوڈان کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا

ویزا فری سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلے میں آسانی پیدا ہوگی

November 7, 2026 · قومی
پاکستان اور سوڈان کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا

پاکستان اور سوڈان کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا

اسلام آباد میں پاکستان اور سوڈان نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا کی شرط ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد ایک دوسرے کے ملک میں بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔

معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے دستخط کیے۔ دونوں وزرائے داخلہ نے اس پیش رفت کو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ویزا فری سہولت سے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلے میں آسانی پیدا ہوگی، جبکہ سرکاری سطح پر رابطوں اور باہمی تعاون کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے بھی معاہدے کو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سوڈان کے تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی، داخلی امور، پولیس تربیت، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر جرائم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سائبر جرائم کے خلاف مشترکہ تعاون کے لیے جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

سوڈانی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل کی نشاندہی پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو ان مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے اور سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

سوڈانی وزیر داخلہ نے سائبر جرائم سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے پاکستانی حکومت کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔