بشریٰ بی بی کا ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہونے کا دعویٰ، فوری معائنے اور مکمل میڈیکل ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا

November 7, 2026 · قومی

بشریٰ بی بی کا ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

اسلام آباد: بشریٰ بی بی نے ذاتی خرچ پر ماہر ڈاکٹر سے علاج کی اجازت حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق سابق خاتون اول کی جانب سے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی آنکھوں کی حالت تیزی سے خراب ہو رہی ہے اور فوری طور پر ماہر امراضِ چشم سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بشریٰ بی بی کو ذاتی خرچ پر اپنے معالج سے علاج کروانے کی اجازت دی جائے اور ان کا مکمل میڈیکل ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔

190 ملین پاؤنڈ کیس میں زیرِ التوا اپیلوں کے دوران متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آنکھوں کی بینائی سے متعلق مسائل میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث فوری طبی معائنہ ضروری ہے۔

بشریٰ بی بی نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اڈیالہ جیل حکام سے ان کی تازہ اور جامع میڈیکل رپورٹ طلب کی جائے، جبکہ تشخیص اور علاج سے متعلق مکمل تفصیلات بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ جیل حکام کو تمام متعلقہ طبی دستاویزات عدالت میں پیش کرنے کا پابند بنایا جائے اور بشریٰ بی بی کو مناسب اور ضروری طبی علاج کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔