مریم نواز کے دورۂ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع
سرکاری جہاز کے استعمال، سفری اخراجات اور غیر ملکی پائلٹس کی تنخواہوں پر اپوزیشن نے سوالات اٹھا دیے
مریم نواز کے دورۂ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب، پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ستمبر 2026 کے دورۂ لندن کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں تحریک التواء جمع کروا دی گئی۔
اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وقاص محمود کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التواء میں وزیراعلیٰ کے دورۂ لندن کے لیے سرکاری جہاز کے استعمال اور سفری اخراجات کی تفصیلات ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تحریک التواء کے متن کے مطابق 17 ستمبر 2026 کو سفری اخراجات کی مد میں 2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے جمع کروائے گئے۔ یہ رقم بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے عمر عباس کی وساطت سے جمع کرائی گئی، تاہم رقم جمع کروانے والے اکاؤنٹ اور اکاؤنٹ ہولڈر کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
تحریک میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ کیا وزیراعلیٰ اپنی ڈکلیئرڈ آمدن کے مطابق اس سفر کے اخراجات برداشت کرسکتی ہیں؟ متن کے مطابق یہ معاملہ بھی باعث تشویش ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سرکاری جہاز کے استعمال سے متعلق اب تک متضاد جوابات دیے گئے ہیں۔
تحریک التواء میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاز چلانے کے لیے دو غیر ملکی پائلٹس بھی تعینات کیے گئے ہیں، جن کی مجموعی ماہانہ تنخواہ تقریباً 70 ہزار ڈالر ہے۔
وقاص محمود نے معاملے کو عوامی اہمیت کا حامل اور فوری نوعیت کا قرار دیتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال، مالیاتی نظم و ضبط اور قومی خزانے کے تحفظ سے متعلق تمام تفصیلات ایوان میں زیر بحث لانے کی اجازت طلب کی ہے۔