مشرقِ وسطیٰ میں حملوں کا خطرہ، امریکا کا شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری
حوثی حملوں اور ایرانی کوششوں کے باعث خطرات میں اضافے کا خدشہ،امریکی شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت
مشرقِ وسطیٰ میں حملوں کا خطرہ، امریکا کا شہریوں کے لیے سکیورٹی الرٹ جاری
واشنگٹن: امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں موجود اپنے شہریوں کو مسلح حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے سکیورٹی الرٹ جاری کردیا ہے۔
امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ حوثی گروپ کے حملوں اور خطے میں امریکی سرکاری اہلکاروں کو نشانہ بنانے کی ایرانی کوششوں کے باعث سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
امریکی حکومت کی جانب سے جاری کردہ سکیورٹی ہدایت میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ جس ملک میں موجود ہیں، وہاں سے متعلق تازہ ترین حفاظتی انتباہات کا جائزہ لیتے رہیں اور مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔
امریکی انتباہ میں ممکنہ سفری مشکلات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق خطے کی کشیدہ صورت حال کے باعث پروازیں منسوخ ہونے، فضائی حدود بند کیے جانے اور فضائی سفر سمیت دیگر سفری سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
امریکی شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سفر سے قبل متعلقہ ملک کے لیے جاری مخصوص سکیورٹی الرٹس کا جائزہ لیں اور اپنی پروازوں سمیت سفری انتظامات کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرتے رہیں۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں ممکنہ فوجی حملوں کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔