وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ

عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ریلیف اقدامات جاری رکھیں گے،خواجہ احمد حسان سے ملاقات میں گفتگو

November 7, 2026 · قومی

وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا عندیہ

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ان شاء اللہ ریلیف کے اقدامات جاری رکھیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ احمد حسان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی کی مد میں عام عوام کو بلاامتیاز ریلیف فراہم کرنا ایک احسن اقدام ہے، جس سے براہ راست کروڑوں افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح کے لیے اربوں روپے کی ادائیگی کی گئی ہے اور اس مثبت اقدام کو عوام کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگی تنازعات کے سفارتی حل کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کی کوششوں کو بھرپور پذیرائی ملی ہے۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے ریلیف کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بتدریج کمی کی جا رہی ہے اور ان میں مزید کمی بھی متوقع ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر جنگی حالات کے باعث دنیا بھر کی معیشتوں میں اتار چڑھاؤ آیا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتوں میں عدم استحکام پیدا ہوا ہے۔ مستقل امن قائم ہوتے ہی صورت حال بہتر ہو جائے گی۔