گوجرانوالہ ضمنی انتخاب: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری

انتخابی مہم میں شرکت پر الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 182 کے تحت 8 نومبر کو طلبی، عدم پیشی پر کارروائی ہوگی

November 7, 2026 · قومی

گوجرانوالہ ضمنی انتخاب: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 میں ضمنی انتخاب کے دوران ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ کو نوٹس جاری کردیا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے لاہور دفتر سے جاری بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر الیکشن کمیشن کی جانب سے وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق عطااللہ تارڑ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی انتخابی مہم میں شرکت کی، جبکہ وفاقی وزرا کی جانب سے انتخابی مہم میں حصہ لینا ضابطہ اخلاق کے پیراگراف 18 اور 41 کی خلاف ورزی ہے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم پر پابندی کے دوران شرکت کرنے پر الیکشنز ایکٹ 2017 کے سیکشن 182 کے تحت بھی نوٹس جاری کیا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ کو 8 نومبر صبح 11 بجے وضاحت پیش کرنے کے لیے طلب کرلیا گیا ہے۔

ترجمان صوبائی الیکشن کمیشن پنجاب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر کی عدم پیشی کی صورت میں دستیاب ریکارڈ کی بنیاد پر کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔