چٹکی بجا کر بیٹر کو دھوکے سے آؤٹ کرانے والے برطانوی کرکٹر پر 2 سالہ پابندی عائد
وائرل ویڈیو کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ، 29 ستمبر 2028 تک کرکٹ کی تمام سرگرمیوں میں شرکت ممنوع
فوٹو: برطانوی میڈیا
انگلینڈ کے کلب کرکٹر برائن ڈیوائن پر چٹکی بجا کر امپائر کو دھوکا دینے اور بیٹر کو غلط طریقے سے آؤٹ کرانے پر دو سال کی پابندی عائد کردی گئی۔
انگلینڈ کی نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ نے جمعے کے روز پابندی کے فیصلے کا اعلان کیا۔
برائن ڈیوائن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں کلب میچ کے دوران سلپ میں کھڑے ہوکر انہوں نے گیند کے بیٹ کے قریب سے گزرنے کے وقت چٹکی بجائی اور امپائر کو یہ تاثر دیا کہ گیند بیٹ سے لگی ہے، حالانکہ گیند بیٹ سے دور تھی۔ اس کے باوجود امپائر نے بیٹر کو آؤٹ قرار دے دیا۔
Cheating Clicky Ponting as per the radio earlier today 🤣 pic.twitter.com/xeFqif52KV
— Steve Norris (@stevejnorris) July 28, 2026
واقعے کی ویڈیو بعد ازاں دنیا بھر میں توجہ کا مرکز بن گئی۔ اس کے بعد تین رکنی کمیٹی نے ویڈیو کا جائزہ لینے کے ساتھ کھلاڑیوں کے انٹرویوز اور تحریری بیانات بھی دیکھے، جس کے بعد برائن ڈیوائن پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔
نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے مطابق برائن ڈیوائن پر 29 ستمبر 2028 تک انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام کرکٹ سرگرمیوں میں شرکت پر دو سال کی پابندی عائد کی گئی ہے۔
پابندی میں کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوچنگ، امپائرنگ، اسکورنگ اور جونیئر ٹیموں کا انتظام سنبھالنے جیسی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔