پنجاب کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات، پولنگ آج ہوگی

پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

November 8, 2026 · قومی
پنجاب کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات، پولنگ آج ہوگی

پنجاب کے دو حلقوں میں ضمنی انتخابات، پولنگ آج ہوگی

لاہور: پنجاب کے دو انتخابی حلقوں این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 میں مجموعی طور پر 5 لاکھ 18 ہزار 620 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن حکام کے مطابق حلقے میں 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 12 انتہائی حساس اور 34 حساس قرار دیے گئے ہیں۔

انتخابی عمل کو پرامن بنانے کے لیے پولیس کے 2 ہزار 982 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ رینجرز کے دستے کوئیک رسپانس فورس کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

حلقے کے رجسٹرڈ ووٹرز میں 2 لاکھ 77 ہزار 480 مرد اور 2 لاکھ 41 ہزار 140 خواتین شامل ہیں۔ ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے راشد بشیر ورک امیدوار ہیں، جو سابق رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے صاحبزادے ہیں۔

مرکزی مسلم لیگ کے قاضی ابراہیم گجر اور آزاد امیدوار الفت رسول وڑائچ سمیت دیگر امیدوار بھی میدان میں موجود ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اس حلقے سے اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا۔

این اے 77 کی نشست محمود بشیر ورک کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حلقے میں شہری اور دیہی علاقے شامل ہیں، جن میں شاہین آباد، دھلے، راہوالی، کنٹونمنٹ بورڈ، قلعہ دیدار سنگھ، لدھیوالہ وڑائچ، پپناکھا اور گوندلانوالہ شامل ہیں۔

ادھر چیچہ وطنی کے صوبائی حلقے پی پی 203 میں بھی آج ضمنی انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ ان کے صاحبزادے چوہدری اسد حنیف جٹ مسلم لیگ (ن) کے انتخابی نشان شیر پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔