نیتن یاہو کو بڑا سیاسی دھچکا، آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا

اگر حکومت سازی کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو پارلیمنٹ (کینیسٹ) تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔

November 8, 2026 · بام دنیا
نیتن یاہو کو بڑا سیاسی دھچکا، آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا

نیتن یاہو کو بڑا سیاسی دھچکا، آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا

تل ابیب: اسرائیل میں حکومت سازی کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں صدر اسحاق ہرزوگ نے بینٹی گینٹز کے بجائے نیتن یاہو کے سیاسی حریف گادی آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو مطلوبہ پارلیمانی حمایت حاصل کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد حکومت بنانے کی کوششوں میں انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی صدر نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت سازی کی کوششیں کامیاب نہ ہوئیں تو پارلیمنٹ (کینیسٹ) تحلیل کرکے نئے انتخابات کرائے جاسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی تجویز پیش کی تھی، تاہم صدر ہرزوگ نے ان کا یہ مطالبہ قبول نہیں کیا۔

نیتن یاہو نے اپوزیشن اور اسلام پسند جماعتوں کے درمیان ممکنہ اتحاد پر اعتراض کرتے ہوئے اسے اسرائیل کے مستقبل اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 67 قانون سازوں نے گادی آئزن کوٹ کی حمایت کی، جبکہ نیتن یاہو کو صرف 46 ارکان کی حمایت حاصل ہوسکی۔ اس صورتحال نے اسرائیل میں نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی مقابلے کو مزید اہم بنا دیا ہے۔