اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں 13 کلومیٹر طویل سائیکل ریلی
ریلی کا آغاز لبرٹی مارکیٹ سے ہوا اور شرکا مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے دوبارہ لبرٹی مارکیٹ پہنچے۔
اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں 13 کلومیٹر طویل سائیکل ریلی
لاہور: فضائی آلودگی اور اسموگ کے خلاف شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے لاہور میں 13 کلومیٹر طویل سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں خواتین، بچوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
لاہور ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے نکالی گئی اس ریلی میں سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی اور ڈپٹی کمشنر لاہور بھی شریک ہوئے۔ ریلی کا آغاز لبرٹی مارکیٹ سے ہوا اور شرکا مختلف شاہراہوں سے گزرتے ہوئے دوبارہ لبرٹی مارکیٹ پہنچے۔
ریلی کے روٹ میں سی بی ڈی، کلمہ چوک، قذافی اسٹیڈیم، مین بلیوارڈ گلبرگ اور صدیق ٹریڈ سینٹر شامل تھے۔ لاہور ٹریفک پولیس کی لیڈی وارڈنز نے سائیکل ریلی کی قیادت کی۔
اس موقع پر سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ سائیکلنگ کو معمولات زندگی کا حصہ بنانے سے فضائی آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ مختصر فاصلے طے کرنے کے لیے موٹر سائیکل اور گاڑی کے بجائے سائیکل استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ اسموگ کے خاتمے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ شہریوں کو بھی اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوگی۔ ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے انفرادی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ صاف ماحول، محفوظ سڑکیں اور صحت مند معاشرہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہیں۔
انہوں نے ریلی میں خواتین کی بھرپور شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ماحول دوست طرز زندگی اور خواتین کی خودمختاری کا مثبت پیغام ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس روڈ سیفٹی اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے عوامی آگاہی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔