این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات،پولنگ شروع
گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 142 مردانہ، 137 زنانہ اور 54 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات،پولنگ شروع
گوجرانوالہ: پنجاب کے دو انتخابی حلقوں این اے 77 گوجرانوالہ اور پی پی 203 چیچہ وطنی میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 میں مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 142 مردانہ، 137 زنانہ اور 54 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔
حلقے میں ووٹنگ کے لیے 963 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں، جن میں 536 مردوں اور 427 خواتین کے لیے مختص ہیں۔ انتخابی عمل کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ 11 امیدوار انتخابی مقابلے میں شریک ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے اس حلقے سے سابق رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک کے صاحبزادے راشد بشیر ورک کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست محمود بشیر ورک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
2024 کے عام انتخابات میں محمود بشیر ورک نے ایک لاکھ 9 ہزار 704 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ ان کی مدمقابل راشدہ طارق 91 ہزار 825 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہی تھیں۔ دونوں امیدواروں کے درمیان کامیابی کا فرق 17 ہزار 879 ووٹ تھا۔
دوسری جانب چیچہ وطنی کے صوبائی حلقے پی پی 203 میں بھی ضمنی انتخاب کے لیے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ اس حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے۔
مسلم لیگ (ن) نے پی پی 203 سے چوہدری محمد حنیف جٹ کے صاحبزادے چوہدری اسد حنیف جٹ کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ یہ نشست سابق رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔