ایران میں احتجاج کے دوران گرفتار تین افراد کو پھانسی دے دی گئی
ملزمان پر عوامی مقامات اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور انہیں آگ لگانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
ایران میں احتجاج کے دوران گرفتار تین افراد کو پھانسی دے دی گئی
ایران میں جنوری 2026 کے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے تین افراد کو اتوار کی صبح پھانسی دے دی گئی۔ ایرانی عدلیہ سے وابستہ خبر رساں ادارے میزان نے سزاؤں پر عمل درآمد کی تصدیق کردی ہے۔
میزان نیوز ایجنسی کے مطابق تینوں افراد کو اسرائیل اور امریکا کے ساتھ مبینہ عملی تعاون اور 8 اور 9 جنوری کو ہونے والے مظاہروں میں مسلح ہوکر شرکت کرنے کے الزامات پر سزائے موت سنائی گئی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر عوامی مقامات اور بجلی کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور انہیں آگ لگانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔
میزان کے مطابق ایران کی سپریم کورٹ سے سزائے موت کی توثیق کے بعد تینوں افراد کو پھانسی دی گئی، جبکہ ان کی جائیداد ضبط کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔
اس مقدمے میں مزید 10 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جبکہ دیگر ملزمان کو پانچ سے 10 سال تک قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔