حسینہ واجد نے وطن واپسی کے لیے نیا پاسپورٹ حاصل کرنے کی درخواست دے دی

بنگلہ دیشی حکومت سابق وزیراعظم کی انڈیا سے حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے

November 9, 2026 · بام دنیا

 

بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے جلاوطنی کے تقریباً دو سال بعد وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ کے حصول کی درخواست دی ہے۔

شیخ حسینہ کو عوامی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد ملک چھوڑنا پڑا تھا۔اگست 2024 کو طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں شیخ حسینہ کی حکومت ختم ہونے کے بعد بنگلہ دیشی فوج نے انہیں انڈیا منتقل کر دیا تھا۔

2025 میں ایک خصوصی ٹریبونل نے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں انہیں سزائے موت سنائی تھی۔

بنگلہ دیشی حکومت سابق وزیراعظم کی انڈیا سے حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، تاہم ماضی میں حکومت نے ان اطلاعات کو مسترد کیا تھا کہ وطن واپسی کے لیے انہیں نئی شناختی دستاویزات کی ضرورت ہے۔

پیر کو لندن میں بنگلہ دیش کے اعلیٰ سفارت کار کو ای میل کے ذریعے بھیجے گئے ایک خط میں شیخ حسینہ کے وکیل نے ان کے لیے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔شیخ حسینہ کے معاون ابو عبیدہ آرین نے کہا ہے کہ یہ ان کی وطن واپسی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سابق حکومت کی جانب سے دستاویزات منسوخ کیے جانے کے بعد محترمہ اپنی بنیادی شہری حیثیت اور حقوق بحال کرانے اور ضروری دستاویزات حاصل کرنے کی منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ دسمبر تک بنگلہ دیش واپس آنے کے لیے پرعزم ہیں اور وہ یقیناً وطن واپس جائیں گی۔

جمعرات کو نائب وزیر خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا تھا کہ بنگلہ دیش انڈیا کے ساتھ حوالگی کے معاہدے کے تحت شیخ حسینہ کو واپس لانا چاہتا ہے۔ تاہم انڈیا انہیں بنگلہ دیش کے حوالے کرنے سے انکار کر چکا ہے۔