این ویڈیا کے سی ای او کا اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف، مبینہ چینی جاسوسی کی تحقیقات شروع
مبینہ چینی انٹیلی جنس آپریشن کے الزامات، این ویڈیا کے بورڈ نے آزادانہ تحقیقات شروع کردیں
این ویڈیا کے سی ای او کا اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف، مبینہ چینی جاسوسی کی تحقیقات شروع
امریکی سیمی کنڈکٹر کمپنی این ویڈیا (NVIDIA) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اہل خانہ اور ساتھیوں سے معافی مانگ لی ہے، جبکہ کمپنی نے ان کے خلاف مبینہ چینی انٹیلی جنس آپریشن کے الزامات کی آزادانہ تحقیقات شروع کردی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام نے جینسن ہوانگ کے سنگاپور میں قائم ٹیکنالوجی کمپنی میگاسپیڈ کی سابق ایگزیکٹو ایلس ہوانگ کے ساتھ تعلقات پر تحفظات ظاہر کیے تھے۔ میگاسپیڈ کو چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز کی برآمد سے متعلق امریکی پابندیوں کی ممکنہ خلاف ورزیوں کے حوالے سے بھی جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کے درمیان کوئی خاندانی تعلق نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق این ویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اتوار کو اعلان کیا کہ کمپنی اس معاملے کی تحقیقات کرے گی کہ آیا اس کے چیف ایگزیکٹو کو کسی غیرملکی انٹیلی جنس آپریشن کے ذریعے نشانہ بنایا گیا تھا یا نہیں۔
63 سالہ جینسن ہوانگ نے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے عمل سے ان کی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچی، جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے اہل خانہ اور ساتھیوں سے گہری معذرت کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے عمل اور اس سے پہنچنے والی تکلیف کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور اس پر ہونے والی تنقید بھی برداشت کریں گے۔
یہ تحقیقات ان میڈیا رپورٹس کے بعد شروع کی گئیں جن میں امریکی انٹیلی جنس کے ایک میمو کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا گیا تھا کہ ایلس ہوانگ کو چین کی وزارتِ ریاستی سلامتی نے جینسن ہوانگ سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے بھرتی کیا تھا۔
تاہم ان الزامات کی کمپنی کی تحقیقات میں تاحال تصدیق نہیں ہوئی۔ این ویڈیا کا کہنا ہے کہ اس کے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں کہ امریکی قومی سلامتی یا کمپنی کے خفیہ رازوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
کمپنی کے بورڈ کے مطابق تحقیقات کی نگرانی ایک آزاد کمیٹی کرے گی، جسے بیرونی قانونی مشیر بھی معاونت فراہم کریں گے۔
جینسن ہوانگ نے تحقیقات میں مکمل تعاون کرنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کمپنی اور امریکی قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ این ویڈیا کے تحفظ اور امریکا کی قومی سلامتی کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔
این ویڈیا کے بورڈ نے جینسن ہوانگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جبکہ کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ تحقیقات کے دوران بھی وہ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
یہ پیش رفت واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان ٹیکنالوجی کے شعبے میں بڑھتی ہوئی مسابقت کے دوران سامنے آئی ہے، خصوصاً جدید مصنوعی ذہانت کے پروسیسرز کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان مقابلہ شدت اختیار کر رہا ہے۔
این ویڈیا عالمی مصنوعی ذہانت کی صنعت میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے اور جدید اے آئی سسٹمز کی تیاری اور انہیں چلانے کے لیے استعمال ہونے والی اعلیٰ کارکردگی کی حامل چپس فراہم کرتی ہے۔
امریکا نے چین کو جدید سیمی کنڈکٹرز کی برآمد پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، کیونکہ اسے خدشہ ہے کہ یہ ٹیکنالوجی بیجنگ کی فوجی اور انٹیلی جنس صلاحیتوں کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
دوسری جانب سنگاپور میں قائم این ویڈیا کی صارف کمپنی میگاسپیڈ کو بھی ان الزامات کے حوالے سے جانچ پڑتال کا سامنا ہے کہ اس نے پابندیوں کے تحت محدود اے آئی چپس چین منتقل کرنے میں سہولت فراہم کی۔