لینڈ روور ڈیفنڈر کی ڈیزائن نقل کا الزام، نیدرلینڈز میں بی وائی ڈی کے دفاتر پر چھاپہ، ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لے لیے گئے
جیگوار لینڈ روور کی درخواست پر کارروائی، بی وائی ڈی کی گاڑی ٹی آئی 7 میں مبینہ ریورس انجینئرنگ کا الزام، دی ہیگ میں ابتدائی سماعت مقرر
لینڈ روور ڈیفنڈر کی ڈیزائن نقل کا الزام، نیدرلینڈز میں بی وائی ڈی کے دفاتر پر چھاپہ، ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لے لیے گئے
نیدرلینڈز: چین کی معروف کار ساز کمپنی بی وائی ڈی (BYD) کے نیدرلینڈز میں دفاتر پر مبینہ طور پر جیگوار لینڈ روور (JLR) کی جانب سے مقرر کردہ عدالتی بیلفس نے چھاپہ مارا ہے۔ یہ کارروائی بی وائی ڈی کی ایس یو وی کے ڈیزائن میں لینڈ روور ڈیفنڈر سے غیر معمولی مماثلت اور مبینہ نقل کے الزامات کے تحت کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق چین کی آٹو موبائل صنعت عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کرچکی ہے، تاہم چینی گاڑیوں کے ڈیزائن میں دیگر معروف کمپنیوں کی گاڑیوں سے مماثلت کے حوالے سے تنقید بھی سامنے آتی رہی ہے۔ اس سے قبل چیری کی جائیکو جے 7 کو بھی مبینہ طور پر رینج روور سے مشابہت کے باعث ’ٹیمو رینج روور‘ کہا گیا تھا۔
برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ کے مطابق جیگوار لینڈ روور نے الزام عائد کیا ہے کہ بی وائی ڈی کی ٹی آئی 7 ایس یو وی کی تیاری میں لینڈ روور ڈیفنڈر کی ٹیکنالوجی کی مبینہ ریورس انجینئرنگ سے فائدہ اٹھایا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ چھاپہ اگست میں مارا گیا، جس کے دوران بی وائی ڈی کے شہر شیڈام اور ہوفڈورپ میں واقع دفاتر سے ڈیجیٹل ریکارڈ قبضے میں لیے گئے۔ جیگوار لینڈ روور کی جانب سے یہ کارروائی اس خدشے کے پیش نظر کی گئی کہ متعلقہ ریکارڈ ضائع کیے جاسکتے ہیں۔
چھاپے سے قبل بی وائی ڈی نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ اس نے معلومات کی فراہمی سے متعلق جیگوار لینڈ روور کی درخواستوں پر تعاون کرنے کی کوشش کی، تاہم دونوں دفاتر پر کارروائی کے بعد بی وائی ڈی کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا کہ بہت زیادہ فائلیں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جیگوار لینڈ روور کا ہیڈکوارٹر برطانیہ جبکہ بی وائی ڈی کا چین میں ہے، تاہم کارروائی نیدرلینڈز میں کی گئی کیونکہ وہاں دانشورانہ املاک کی چوری سے متعلق قوانین کے نفاذ میں سختی برتی جاتی ہے۔
اس معاملے پر ابتدائی عدالتی فیصلہ رواں ہفتے دی ہیگ میں متوقع ہے۔
لینڈ روور ڈیفنڈر اور بی وائی ڈی ٹی آئی 7 میں فرق
اگرچہ دونوں ایس یو ویز کے بیرونی ڈیزائن میں مماثلت بتائی جارہی ہے، تاہم ان کے انجن اور پاور ٹرین میں نمایاں فرق ہے۔
لینڈ روور ڈیفنڈر چار سے آٹھ سلنڈر تک کے مختلف پیٹرول اور ڈیزل انجنوں کے علاوہ پلگ اِن ہائبرڈ ورژن میں بھی دستیاب ہے۔ اس کے تمام ماڈلز فور وہیل ڈرائیو ہیں۔
دوسری جانب بی وائی ڈی ٹی آئی 7 پلگ اِن ہائبرڈ ماڈل میں دستیاب ہے، جس میں ٹربو چارجڈ 1.5 لیٹر چار سلنڈر پیٹرول انجن نصب ہے۔ یہ گاڑی فرنٹ وہیل ڈرائیو اور آل وہیل ڈرائیو دونوں آپشنز میں پیش کی جاتی ہے، جبکہ مکمل الیکٹرک ورژن بھی ریئر وہیل ڈرائیو اور آل وہیل ڈرائیو میں دستیاب ہے۔
بی وائی ڈی ٹی آئی 7 کی لمبائی 4999 ملی میٹر، چوڑائی 1995 ملی میٹر اور اونچائی 1865 ملی میٹر ہے، جبکہ اس کا وہیل بیس 2920 ملی میٹر ہے۔ سائز کے اعتبار سے یہ لینڈ روور ڈیفنڈر کے 110 اور 130 ماڈلز کے درمیان آتی ہے۔