ایران طاقت یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا ،مسعود پزشکیان
قطر کے وزیرِ اعظم واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، آئندہ چند گھنٹوں میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور بات چیت متوقع
فائل فوٹو
تہران:ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ جنگ کے بجائے سفارت کاری کو ترجیح دینے پر زور دیا ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ ہم عزت اور احترام کے ساتھ بات چیت کر کے معاملہ ختم کر سکتے ہیں۔ ہم بات چیت اور مذاکرات کرنے والے لوگ ہیں اور منطق کا تقاضا ہے کہ اگر ہم مذاکرات کے ذریعے اپنے حقوق حاصل کر سکتے ہیں تو خود کو جنگ میں نہیں جھونکنا چاہیے۔
تاہم پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران طاقت کے استعمال یا دھونس کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے گا۔
ایرانی صدر کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع بڑھنے کے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی دوران قطر کے وزیرِ اعظم واشنگٹن پہنچ گئے ہیں، جہاں آئندہ چند گھنٹوں میں ان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات اور بات چیت متوقع ہے۔
دوسری جانب دونوں ملکوں کے درمیان تنازع ختم کرنے کے لیے تہران کی جانب سے پیش کیے گئے منصوبے پر ایرانی اور امریکی عہدیداروں کے درمیان اختلافات بھی شدت اختیار کر گئے ہیں۔