سعودی اتحاد کا یمن میں حوثی قیادت کے اجلاس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

ہلاکتوں کی تعداد اور نشانہ بننے والے کمانڈروں کی شناخت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی ، اخبار الشرق الاوسط

November 9, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لندن:سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحادی فوج کے فضائی حملوں میں یمن کے جنوبی صوبے لحج میں حوثی رہنماؤں کے اجلاس کو کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

لندن سے شائع ہونے والے اخبار الشرق الاوسط کے مطابق اس حملے کا ہدف حوثی فیلڈ کمانڈر تھے اور یہ کارروائی کئی محاذوں پر حوثی فورسز اور یمنی حکومتی فورسز کے درمیان جاری جھڑپوں کے دوران کی گئی۔

فوجی ذرائع کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے حوثی رہنماؤں کی نقل و حرکت کی نگرانی کی اور انٹیلیجنس معلومات کی مدد سے اجلاس کا مقام معلوم کیا۔

الشرق الاوسط کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد اور نشانہ بننے والے کمانڈروں کی شناخت فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی۔

اخبار کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی جب حوثی صوبہ لحج اور تعز کو ملانے والے اہم مقامات اور رسد کے راستوں کی جانب پیش قدمی کی کوشش کر رہے تھے۔

الشرق الاوسط کا دعویٰ ہے کہ سعودی اتحاد نے صوبہ صعدہ اور صنعا میں حوثیوں کے بیلسٹک میزائل لانچنگ مراکز کو بھی نشانہ بنانے کا اعلان کیا۔

اتحاد کا کہنا تھا کہ ان مراکز کو ریاض اور سعودی عرب کے مشرقی صوبے پر حملوں کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

دوسری جانب حوثیوں کے زیرِ انتظام ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ 7 نومبر کو صنعا کے ضلع بنی حشیش پر سعودی فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 44 ہو گئی ہے۔