نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،رانا ثنا اللہ

اگر قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو اس تجویز کے قابل عمل ہونے پر سوالات اٹھتے ہیں

November 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،رانا ثنا اللہ

نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی،رانا ثنا اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں نئے صوبے بنانے یا نہ بنانے کا فیصلہ پارلیمنٹ میں کیا جائے گا، جبکہ ریفرنڈم کے انعقاد اور اس میں پوچھے جانے والے سوال کا تعین بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔

 نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر قانون سازی ابھی کرلی جائے اور اس پر عمل درآمد اگلے انتخابات کے بعد ہو تو اس تجویز کے قابل عمل ہونے پر سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث اور فیصلہ ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے ڈیڑھ ماہ تک مولانا فضل الرحمان سے ملاقاتیں اور مشاورت ہوتی رہی۔ ترمیم کی ہر شق پر تفصیلی بحث کے بعد اتفاق کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے آئینی عدالت کا قیام دراصل 26ویں ترمیم کے نامکمل ایجنڈے کا حصہ تھا، جبکہ 28ویں ترمیم کے حوالے سے حکومت نے تاحال کوئی تیاری یا مشاورت شروع نہیں کی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد اختیارات وفاق سے صوبوں کو منتقل ہوئے، لیکن صوبوں نے یہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں کیے۔ ان کے مطابق اصل ضرورت اختیارات کی مقامی سطح پر منتقلی ہے، جس کیلئے چھوٹے انتظامی یونٹس یا مضبوط بلدیاتی نظام پر غور کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ صوبائی مالیاتی کمیشن کے ذریعے یونین کونسلوں تک براہ راست فنڈز پہنچائے جائیں اور بلدیاتی اداروں کو آئینی تحفظ فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت دہشت گردی جیسے اہم مسائل کا سامنا ہے، اس لیے سیاسی اختلافات کے بجائے قومی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ اختلافات کو مکالمے کے ذریعے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے احترام کے دائرے میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کے باہر نصب سکیورٹی کیبن اور جنریٹر سے متعلق تنازع پر کہا کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وہ خود بھی کئی مرتبہ وہاں جا چکے ہیں، تاہم انہیں یہ چیزیں آمدورفت میں رکاوٹ محسوس نہیں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کہ آیا یہ واقعی راستے میں رکاوٹ ہیں یا نہیں۔

رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کو جاری کیے گئے نوٹسز پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور سیاسی اختلافات میں سخت لہجے سے گریز کریں۔ ان کے مطابق معاملے کو حل کرنے کیلئے وزیراعظم کی سطح پر مداخلت اور دونوں جانب سے احترام ضروری ہے۔

بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر تحریک انصاف ملاقاتوں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بند کردے تو ملاقاتوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر سے متعلق دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں کی جا رہی اور ڈاکٹرز کی سفارشات پر فوری عمل کیا جائے گا۔