مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ،14 سالہ فلسطینی لڑکا شہید،والد گرفتار
زخمیوں میں 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جسے پیٹ اور کولہے میں گولیاں لگیں، جبکہ 19 سالہ نوجوان ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ،14 سالہ فلسطینی لڑکا شہید،والد گرفتار
فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق شہید ہونے والے لڑکے کی شناخت معتز ایاد دغلس کے نام سے ہوئی ہے۔ فلسطینی خبر رساں ادارے وفا کے مطابق زخمیوں میں 17 سالہ نوجوان بھی شامل ہے جسے پیٹ اور کولہے میں گولیاں لگیں، جبکہ 19 سالہ نوجوان ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
اسرائیلی فوج نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ فوجیوں نے اسرائیلی گاڑیوں پر پتھراؤ کی کوشش کرنے والے فلسطینیوں کو روکنے کے لیے فائرنگ کی۔ فوج کے مطابق اہلکاروں نے خطرے کو ختم کرنے کے لیے گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
دوسری جانب وفا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شہید لڑکے کے والد کو بھی گرفتار کرلیا جبکہ زخمیوں تک ایمبولینسوں کی رسائی میں رکاوٹ ڈالی گئی۔ رپورٹ کے مطابق فلسطینی ہلالِ احمر کے تین طبی رضاکاروں کو بھی کچھ وقت کے لیے حراست میں رکھا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے تشدد اور حملوں میں غیر معمولی اضافے کی نشاندہی کی ہے۔
اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس تاریخ سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم ایک ہزار 143 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جن میں 250 بچے بھی شامل ہیں۔ اس تعداد میں اسرائیلی آبادکاروں کے ہاتھوں مارے جانے والے فلسطینی بھی شامل ہیں۔
مسلح تنازعات کی نگرانی کرنے والے ادارے اے سی ایل ای ڈی کے مطابق 2026ء آبادکاروں کے تشدد کے حوالے سے گزشتہ ایک دہائی کا سب سے پُرتشدد سال بننے کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ادارے کے مطابق صرف جولائی میں مسلح آبادکاروں اور اسرائیلی فوج سے متعلق چار واقعات میں 11 افراد ہلاک ہوئے۔