سعودی میڈیا نے آرامکو ٹاور کو نقصان کی تصویر جاری کردی

عمارت کو نقصان میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کے ٹکڑے گرنے سے پہنچا

November 10, 2026 · امت خاص
سعودی میڈیا نے آرامکو ٹاور کو نقصان کی تصویر جاری کردی

سعودی میڈیا نے آرامکو ٹاور کو نقصان کی تصویر جاری کردی

ریاض: سعودی میڈیا نے دارالحکومت ریاض میں آرامکو کی انتظامی عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی تصویر جاری کردی، جس میں عمارت کی بالائی منزلوں کے شیشے متاثر دکھائی دے رہے ہیں۔
عمارت کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لینے کیلئے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمان نے عمارت کا دورہ کیا۔

سعودی خبر رساں اکاؤنٹ سعودی نیوز 50 کے مطابق نائب گورنر نے متاثرہ عمارت کا معائنہ کیا، جس کی بالائی منزلوں کے شیشوں کو نقصان پہنچا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عمارت کو نقصان میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کے ٹکڑے گرنے سے پہنچا۔ سعودی حکام نے نقصان کو محدود قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دوسری جانب ایران نواز حوثی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

اس سے قبل ایرانی میڈیا نے ٹاور کو نقصان پہنچنے کے دعوے کے ساتھ ویڈیوز بھی جاری کی تھیں، تاہم سعودی حکام کا مؤقف تھا کہ حوثی میزائل فضا میں ہی مار گرائے گئے اور ان کے ٹکڑے گرنے سے عمارت کے شیشے ٹوٹے۔

یہ واقعہ خطے میں جاری کشیدگی اور سعودی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے دعوؤں کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔