عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبیعت تشویشناک،اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سلمان صفدر

عمران خان اپنی اہلیہ کی بینائی کے حوالے سے بھی شدید پریشان تھے، جس کے باعث ان کا بلڈ پریشر بھی بڑھ رہا ہے۔

November 10, 2026 · قومی
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبیعت تشویشناک،اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سلمان صفدر

عمران خان اور بشریٰ بی بی کی طبیعت تشویشناک،اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر سلمان صفدر

اسلام آباد: بیرسٹر سلمان صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی حالت ایسی ہے کہ دونوں کو اسپتال منتقل کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں سے متعلق خدشات آج عدالت کے سامنے رکھ دیے ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے بتایا کہ طویل وقفے کے بعد ان کی عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی اہلیہ کی بینائی کے حوالے سے بھی شدید پریشان تھے، جس کے باعث ان کا بلڈ پریشر بھی بڑھ رہا ہے۔ دونوں کی طبی حالت کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کردیا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروانے کی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ تین قیدیوں سے متعلق کیس میں آئینی عدالت نے سپریم کورٹ سے ریکارڈ طلب کیا ہے، جس کا تعلق بانی پی ٹی آئی سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس معاملے پر ہدایات مل چکی ہیں، اس لیے ان کی ملاقات کروائی جائے۔

عدالت نے کیس کی مزید سماعت 10 روز بعد مقرر کرنے کی ہدایت بھی کردی۔