گلف اسٹریم طیارے کا کنٹرول مریم نواز سے لے لیا گیا، صحافی اسد طور کا دعویٰ

طیارے کے استعمال پر مسلسل عوامی تنقید اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد اس کے انتظامی معاملات ادارہ جاتی کنٹرول میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

November 10, 2026 · قومی
گلف اسٹریم طیارے کا کنٹرول مریم نواز سے لے لیا گیا، صحافی اسد طور کا دعویٰ

گلف اسٹریم طیارے کا کنٹرول مریم نواز سے لے لیا گیا، صحافی اسد طور کا دعویٰ

صحافی اور تجزیہ کار اسد طور نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز سے سرکاری لگژری طیارے گلف اسٹریم جی 500 کا براہِ راست کنٹرول واپس لے لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق طیارے کے استعمال پر مسلسل عوامی تنقید اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد اس کے انتظامی معاملات ادارہ جاتی کنٹرول میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلسل تنقید اور معلومات سامنے آنے کے بعد متعلقہ اداروں نے محسوس کیا کہ اس معاملے پر عوامی ردعمل بڑھ رہا ہے اور اس صورت حال میں طیارے کے انتظامات تبدیل کرنا بہتر ہوگا۔

اسد طور کے دعوے کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ طیارے اور اس کے پائلٹس دونوں کا انتظام تبدیل کیا جائے۔ غیر ملکی پائلٹس کی جگہ اداروں اور فورسز سے وابستہ پائلٹس تعینات کیے جائیں، جبکہ طیارے کی پارکنگ اور دیگر انتظامی معاملات بھی ادارہ جاتی کنٹرول میں دیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز پر طیارے کے استعمال کے حوالے سے تنقید میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا۔ ان کے بقول یہ لگژری طیارہ بیرون ملک سے منگوایا گیا تھا اور اس کے ساتھ غیر ملکی پائلٹس بھی موجود تھے، جو خصوصی اور اہم شخصیات کی پروازوں کے حوالے سے مہارت رکھتے تھے۔

صحافی اسد طور نے طیارے کے استعمال کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گلف اسٹریم جی 500 کو رکشے کی طرح چلایا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق اب صورت حال یہ ہے کہ طیارہ استعمال کرنے کے لیے مختلف متعلقہ حکام سے رابطہ اور ہم آہنگی کرنا ہوگی، جبکہ اس کا انتظام پہلے کی طرح براہِ راست مریم نواز کے اختیار میں نہیں رہے گا۔

واضح رہے کہ گلف اسٹریم جی 500 طیارے کی خریداری پر 9 سے 11 ارب روپے لاگت آنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جس کے بعد اس کے استعمال اور اخراجات پر بھی بحث ہوئی۔ ستمبر 2026 میں مریم نواز کے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن جانے کے سفر پر بھی تنقید کی گئی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے سفر کے اخراجات کی رقم واپس کرنے کی بات کی تھی۔