خواتین کے حقوق کی پامالی پر اسکاٹ لینڈ کا افغانستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ کھیلنے سے انکار
اہم فیصلہ، دو طرفہ سیریز کا بائیکاٹ، آئی سی سی ایونٹس میں شرکت جاری رہے گی
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے افغانستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
خواتین کے حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور طالبان حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں کے تناظر میں اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کے خلاف کرکٹ بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بعد اسکاٹ لینڈ وہ تیسرا ملک بن گیا ہے جس نے افغان حکومت کی پالیسیوں کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، کرکٹ اسکاٹ لینڈ نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ باضابطہ روابط کا جائزہ لینے کے بعد نئی پالیسی متعارف کرائی ہے۔ بورڈ کے فیصلے کے تحت جب تک افغانستان میں خواتین کی کرکٹ اور انسانی حقوق کی مجموعی صورتحال میں نمایاں بہتری نہیں آتی، اسکاٹ لینڈ کی ٹیم افغان ٹیم کے ساتھ کوئی دو طرفہ کرکٹ سیریز نہیں کھیلے گی۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ کسی بھی ایسی 3 ملکی سیریز میں بھی شرکت سے گریز کرے گا جس میں افغان ٹیم شامل ہوگی۔ اس کے علاوہ افغان ٹیم کے ساتھ مشترکہ ٹریننگ کیمپس، پریکٹس میچز یا وارم اپ مقابلوں میں بھی شرکت نہیں کی جائے گی۔ تاہم، بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) کے اہم ایونٹس کے دوران مجبوری کے تحت میچز کھیلنے کی اجازت ہوگی، لیکن اس شرکت کو افغان حکومت یا اس کی پالیسیوں کی ہرگز حمایت تصور نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب، افغانستان پریمیئر لیگ (APL) کے ڈرافٹ میں اسکاٹ لینڈ کے اوپننگ بیٹر جارج منسی کے انتخاب کے حوالے سے بورڈ نے وضاحت کی ہے کہ لیگ کو آئی سی سی کی باضابطہ منظوری ملنے کی صورت میں کھلاڑی کو این او سی جاری کیا جا سکتا ہے، تاہم اس شرکت کو بھی افغان حکومتی پالیسیوں کی حمایت کے طور پر نہ دیکھا جائے۔