خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ

منامہ میں جی سی سی ممالک کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کا اجلاس-عسکری کمانڈ2013 میں قائم ہوئی تھی

November 10, 2026 · بام دنیا
خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ

خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا کویت میں مشترکہ عسکری کمانڈ ہیڈکوارٹر قائم کرنے کا فیصلہ

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے رکن ممالک نے کویت میں اپنی مشترکہ ملٹری کمانڈ کے لیے ایک جدید ہیڈکوارٹر کے قیام اور وہاں افواج کی تعیناتی کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ہیڈکوارٹرز کے مقام کے انتخاب کا یہ فیصلہ منگل کو منامہ میں جی سی سی ممالک کی جوائنٹ ڈیفنس کونسل کے 23ویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ ہدایات جی سی سی ممالک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ان کی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کے حوالے سے خلیج کے پختہ عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ جاسم محمد البدیوی نے خطے میں پیش آنے والے مختلف حملوں اور کشیدگی کے بعد خلیجی ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور ہم آہنگی کی سطح کو سراہا اور اسے اپنے فرائض کی انجام دہی میں خلیجی یکجہتی کا عملی نمونہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ جی سی سی میں بحرین، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ جی سی سی نے دسمبر 2013 میں کویت میں ہونے والے ایک سربراہی اجلاس میں اپنی مشترکہ عسکری کمانڈ قائم کی تھی جس کا مقصد مشترکہ فوجی کارروائیوں کی منصوبہ بندی اور رکن ممالک کی اپنی سرزمین، فضائی حدود، بحری حدود اور مفادات کو لاحق ممکنہ خطرات کے خلاف دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا تھا۔ تاہم، غیر ملکی خبررساں اداروں اور حکام کے مطابق اس نئے ہیڈکوارٹر یا تعینات کی جانے والی افواج کے حوالے سے فی الحال کوئی مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔