شمالی وزیرستان میں میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات دوسری مرتبہ ملتوی، میرعلی میں کرفیو نافذ

سیکیورٹی خدشات کے باعث بنوں بورڈ کا فیصلہ،بعض امتحانی مراکز شیڈول کے مطابق کھلے رہیں گے

November 10, 2026 · قومی

شمالی وزیرستان میں میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات دوسری مرتبہ ملتوی، میرعلی میں کرفیو نافذ

پشاور: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی خدشات کے باعث میٹرک کے دوسرے سالانہ امتحانات دوسری مرتبہ ملتوی کردیے گئے، جبکہ ضلع کے علاقے میرعلی میں کرفیو بھی نافذ کردیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) بنوں کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے دوسرے سالانہ امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، تاہم کیڈٹ کالج رزمک اور تحصیل بکا خیل میں قائم امتحانی مراکز میں امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

شمالی وزیرستان میں امتحانات دوسری مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں۔ ان کا آغاز ابتدائی طور پر 12 اکتوبر سے ہونا تھا، تاہم گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان کے علاوہ بنوں اور لکی مروت میں بھی امتحانات ملتوی کردیے گئے تھے۔

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کے اعلامیے کے مطابق بوبلی اور میرعلی سے عیشہ تک کے علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جو جاری سیکیورٹی آپریشن مکمل ہونے تک برقرار رہے گا۔ اس دوران بنوں، میران شاہ شاہراہ بھی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔

علاقے کے منتخب نمائندے اور ڈویلپمنٹ کونسل کے رکن ملک روح اللہ خان نے بتایا کہ کرفیو کے نفاذ کی ہدایات جنرل آفیسر کمانڈنگ نارتھ کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی درخواست پر مقامی آبادی کو میران شاہ اور دتہ خیل میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیا خریدنے کے لیے بازار جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ملک روح اللہ خان کے مطابق شمالی وزیرستان سے باہر سفر کرنے کے خواہش مند افراد میران شاہ، عیشہ اور رزمک کے راستے استعمال کرسکتے ہیں۔