امریکا نے جنگ شروع نہیں کی، ایران نے 47 سال پہلے شروع کی تھی، پیٹ ہیگستھ

امریکی وزیر جنگ کا پینٹاگون میں پریس بریفنگ سے خطاب، ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کو قانونی قرار دے دیا

November 10, 2026 · بام دنیا

امریکا نے جنگ شروع نہیں کی، ایران نے 47 سال پہلے شروع کی تھی، پیٹ ہیگستھ ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

واشنگٹن: امریکا کے وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ امریکا نے جنگ شروع نہیں کی بلکہ ایران نے 47 سال پہلے اس کا آغاز کیا تھا۔

پینٹاگون میں پریس بریفنگ کے دوران امریکی وزیر جنگ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیاں قانونی حیثیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عوام کے تحفظ کے لیے ایران کے خلاف درست اقدام اٹھایا ہے۔

پیٹ ہیگستھ کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف کارروائی میں امریکا کو ویتنام جنگ جیسے نقصانات کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

امریکی وزیر جنگ نے ایوانِ نمائندگان کی جانب سے اپنے مواخذے اور معزولی کی کوشش کو تماشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی تاریخ میں فوجی آپریشن کے دوران کسی وزیر جنگ کو معزول نہیں کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی معزولی کی کوشش امریکا کے تمام فوجیوں کے خلاف سازش ہے۔