امریکی کانگریس میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد مسترد
مواخذے کی تحریک 211 ووٹوں سے ناکام، ہیگسیتھ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت حاصل رہی
امریکی کانگریس میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف مواخذے کی قرارداد مسترد
امریکی ایوان نمائندگان نے وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کے خلاف دائر کردہ مواخذے کی قرارداد کثرت رائے سے مسترد کر دی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق ایوان میں وزیر جنگ کے خلاف پیش کی جانے والی اس قرارداد پر ہونے والی رائے شماری کے دوران 204 اراکین نے موافق جبکہ 211 اراکین نے مخالفت میں ووٹ ڈالا، جس کے نتیجے میں مطلوبہ حمایت حاصل نہ ہو سکی۔
مواخذے کی قرارداد صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی ہی ری پبلکن پارٹی کے رکن تھامس میسی کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی تھی۔ قرارداد کے متن میں وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ پر ایران کے علاقے میناب میں واقع ایک اسکول پر امریکی حملے کے دوران بچوں اور دیگر معصوم شہریوں کی شہادت کے الزامات عائد کیے گئے تھے، جبکہ یہ مؤقف بھی اپنایا گیا تھا کہ انہوں نے مبینہ طور پر جنگی اختیارات کی خلاف ورزی اور اپنے منصب کا غلط استعمال کیا۔
دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مواخذے کی ممکنہ کارروائی کے دوران پیٹ ہیگسیتھ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا تھا۔
وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ نے مواخذے کی اس تمام کوشش کو ایک محض تماشا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کارروائی سے ان پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام دراصل امریکا کے تمام فوجیوں کے خلاف ایک سازش ہے، ان کا مؤقف تھا کہ تمام فوجی آپریشن مکمل قانونی حیثیت رکھتے ہیں اور امریکی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ کسی فوجی کارروائی کے دوران برسرِ منصب وزیر جنگ کو عہدے سے ہٹایا گیا ہو۔