سندھ طاس معاہدے پر اہم سماعت،پاکستانی انڈس واٹر کمشنر ویانا پہنچ گئے
سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ پاکستان اس سے قبل نیدرلینڈز میں قائم مصالحتی عدالت میں اپنا مؤقف کامیابی سے پیش کر چکا ہے۔معین وٹو
سندھ طاس معاہدے پر اہم سماعت،پاکستانی انڈس واٹر کمشنر ویانا پہنچ گئے
وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر بھارت مسلسل ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ پاکستان اس سے قبل نیدرلینڈز میں قائم مصالحتی عدالت میں اپنا مؤقف کامیابی سے پیش کر چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ویانا میں ہونے والی سماعت بھارت کے لیے واضح پیغام ہے کہ وہ پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کرے، بصورت دیگر اسے آنے والے دنوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے پر عمل درآمد کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ بھارت کو معاہدے کی پابندی کرنا ہوگی کیونکہ خطے میں آبی معاملات پر کشیدگی زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سردیوں کی آمد کے باعث پاکستان کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، تاہم بھارت نے تاحال پانی کی فراہمی نہیں روکی۔
واضح رہے کہ پاکستان کو بھارت کے کشن گنگا اور رتلے پن بجلی منصوبوں کے ڈیزائن پر تحفظات ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ ان منصوبوں میں پانی ذخیرہ کرنے اور خارج کرنے کا نظام دریائے چناب سمیت مغربی دریاؤں کے قدرتی بہاؤ کو متاثر کر سکتا ہے۔