تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے کو کوئی خطرہ نہیں،واپڈا نے وضاحت کردی

تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حادثے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

November 11, 2026 · قومی
تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے کو کوئی خطرہ نہیں،واپڈا نے وضاحت کردی

تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے کو کوئی خطرہ نہیں،واپڈا نے وضاحت کردی

وزیراعظم شہباز شریف کے نوٹس لینے کے بعد چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد سعید نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کی متاثرہ سرنگ کا دورہ کیا اور حادثے کی ممکنہ وجوہات کا جائزہ لیا۔

چیئرمین واپڈا نے واقعے کی جامع محکمانہ انکوائری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ کنسلٹنٹس کو تفصیلی رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ انہیں سرنگ کے کمزور حصے کے منہدم ہونے کی وجوہات اور حادثے کے بعد کیے گئے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی۔

واپڈا ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے مرکزی ڈھانچے اور اہم تنصیبات کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ حادثے سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات شروع کردیے گئے ہیں۔

چیئرمین واپڈا نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کم کرنے کے لیے ہنگامی حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبہ عالمی بینک اور ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت سے تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد 1530 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سرنگ کا کمزور حصہ منہدم ہونے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔ وزیراعظم نے واقعے کے اسباب، پس منظر، نقصانات اور ذمہ داریوں کا تعین کرکے تمام حقائق پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔