عراق کے سابق رکنِ پارلیمنٹ احمد العلوانی بیروت میں قتل، ایک مشتبہ شخص گرفتار

احمد العلوانی کی لاش منگل کی شام بیروت کے علاقے طارق الجدیدہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے ملی

November 11, 2026 · بام دنیا
عراق کے سابق رکنِ پارلیمنٹ احمد العلوانی بیروت میں قتل، ایک مشتبہ شخص گرفتار

عراق کے سابق رکنِ پارلیمنٹ احمد العلوانی بیروت میں قتل، ایک مشتبہ شخص گرفتار

عراق کے سابق رکنِ پارلیمنٹ احمد العلوانی لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک اپارٹمنٹ سے مردہ حالت میں برآمد ہوئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں ان کی موت کو قتل کا واقعہ قرار دیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق احمد العلوانی کی لاش منگل کی شام بیروت کے علاقے طارق الجدیدہ میں واقع ایک اپارٹمنٹ سے ملی۔ لبنانی عدالتی ذرائع نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔

لبنان کے اعلیٰ پراسیکیوٹر جج احمد رامی الحاج خود اس واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں، جبکہ تفتیش کی ذمہ داری داخلی سیکیورٹی فورسز کے شعبہ اطلاعات کو سونپی گئی ہے۔

حکام نے واقعے میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک لبنانی شہری کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ ایک شامی مشتبہ شخص کی تلاش جاری ہے جو تاحال فرار ہے۔

دوسری جانب احمد العلوانی کے دفتر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں ان کی موت کو ہدف بنا کر کیا گیا قتل اور سنگین غداری قرار دیا ہے۔ بیان میں واقعے کی مکمل تحقیقات اور ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

لبنانی حکام نے تاحال قتل کی حتمی وجہ یا محرکات ظاہر نہیں کیے۔