خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ،ایک بھارتی سمیت عملے کے چار ارکان زخمی

جہاز پر چھ بھارتی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے۔ زخمی بھارتی ملاح کو طبی معائنے کے لیے ساحل پر منتقل کردیا گیا ہے

November 11, 2026 · بام دنیا
خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ،ایک بھارتی سمیت عملے کے چار ارکان زخمی

خلیجِ عرب میں آئل ٹینکر پر حملہ،ایک بھارتی سمیت عملے کے چار ارکان زخمی

خلیجِ عرب میں لائبیریا کے پرچم بردار آئل ٹینکر ایم ٹی فجیرہ انرجی کو نامعلوم پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کے چار ارکان زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں ایک بھارتی شہری بھی شامل ہے۔

بھارتی حکام کے مطابق جہاز پر چھ بھارتی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 24 افراد سوار تھے۔ زخمی بھارتی ملاح کو طبی معائنے کے لیے ساحل پر منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ عملے کے باقی ارکان محفوظ ہیں۔

بھارتی وزیر برائے بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہیں سربانند سونووال نے بتایا کہ واقعہ 10 نومبر کو پیش آیا۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت جہاز کی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہے اور عملے کی سلامتی اور طبی امداد کی نگرانی کر رہی ہے۔

برطانوی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز نے 11 نومبر کی صبح آبنائے ہرمز میں ایک آئل ٹینکر سے متعلق واقعے کی اطلاع ملنے کی تصدیق کی ہے۔ ادارے کے مطابق ابتدائی طور پر جہاز کو پہنچنے والے نقصان اور ممکنہ ماحولیاتی اثرات کے بارے میں تفصیلات دستیاب نہیں تھیں۔ بحری جہازوں کو علاقے میں محتاط رہنے اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کی کمپنی اے ڈی این او سی لاجسٹکس اینڈ سروسز نے بھی تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک بحری جہاز کو 10 نومبر کی سہ پہر اماراتی سمندری حدود میں حملے کے نتیجے میں نقصان پہنچا۔

کمپنی کے مطابق متعلقہ ادارے صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کام کر رہے ہیں، تاہم متاثرہ جہاز کی شناخت اور نقصان کی نوعیت ظاہر نہیں کی گئی۔ کمپنی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے سے متعلق معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں اور غیر مصدقہ خبریں پھیلانے سے گریز کریں۔