فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، کرپشن الزامات کا حساب مانگ لیا

مولانا فضل الرحمان خود تو حلوہ کھاتے ہیں لیکن دوسروں کو کھانے سے روکتے ہیں۔

November 11, 2026 · قومی
فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، کرپشن الزامات کا حساب مانگ لیا

فیصل کریم کنڈی کی مولانا فضل الرحمان پر تنقید، کرپشن الزامات کا حساب مانگ لیا

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کو انصاف کی تلقین کرنے والے مولانا خود مبینہ طور پر قبضے کی جگہ پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

گورنر ہاؤس پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان خود تو حلوہ کھاتے ہیں لیکن دوسروں کو کھانے سے روکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان دوستانہ تعلقات ضرور ہیں، تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ صدر زرداری کسی بھی کرپشن کے معاملے میں مولانا کو بچانے کی کوشش کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے پر عائد کرپشن کے الزامات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں اور ان کا حساب لیا جانا چاہیے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا دعویٰ تھا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے دورِ حکومت میں سب سے زیادہ سیاسی اور حکومتی فوائد جمعیت علمائے اسلام نے حاصل کیے۔

ان کے مطابق اس دور میں جے یو آئی کو اپنی پسند کی اہم وزارتیں دی گئیں، جن میں مذہبی امور، ہاؤسنگ اور مواصلات کی وزارتیں شامل تھیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں کوئی بڑی وزارت باقی نہیں رہی تھی جو جے یو آئی کو نہ دی گئی ہو۔ اگر کرپشن کے الزامات ثابت ہوتے ہیں تو متعلقہ افراد کو قانون کے مطابق سزا بھگتنا ہوگی۔