سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قرار دے دیا
بری امامؒ کے دربار کی جگہ سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے، جبکہ بری امام ہاؤس نامی عمارت کا دربار سے کوئی تعلق نہیں۔
سی ڈی اے نے بری امام ہاؤس کو غیر قانونی قرار دے دیا
اسلام آباد کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ بری امام ہاؤس نامی کوئی عمارت سرکاری ریکارڈ میں موجود نہیں اور اس جگہ پر درخواست گزار کا کوئی قانونی حق بھی نہیں بنتا۔
سی ڈی اے کے مطابق نورپور شاہان کی زمین ماضی میں ایکوائر کی جا چکی ہے اور اس کے مالکان کو ادائیگی بھی کی گئی تھی۔ حضرت بری امامؒ کے دربار کی جگہ سرکاری ریکارڈ میں الگ نمبروں کے تحت درج ہے، جبکہ بری امام ہاؤس نامی عمارت کا دربار سے کوئی تعلق نہیں۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ محکمہ مال کے ریکارڈ اور محل وقوع کے مطابق بری امام ہاؤس اور حضرت بری امامؒ کا دربار دو الگ الگ مقامات ہیں، اس لیے انہیں ایک ہی جائیداد قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ محض عمارت کو بری امام ہاؤس کا نام دینے یا اسے مزار سے منسلک کرنے سے درخواست گزار کو زمین پر ملکیت، قبضے یا استعمال کا قانونی حق حاصل نہیں ہوتا۔
سی ڈی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت نے ادارے کا جواب لیے بغیر حکم امتناع جاری کیا، جبکہ درخواست گزار کی قانونی حیثیت اور درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی اعتراض ہے۔ ادارے نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ کیس رواں ہفتے جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بری امام ہاؤس سے متعلق درخواست پر حکم امتناع جاری کر رکھا ہے۔ سی ڈی اے نے اس حکم کو ختم کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔