پارلیمان کو عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں کرنی چاہیے، جسٹس جمال مندوخیل
اگر عدلیہ عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی تو لوگ انصاف کے حصول کے لیے اپنے طریقے اختیار کر سکتے ہیں
پارلیمان کو عدلیہ کی آزادی متاثر نہیں کرنی چاہیے، جسٹس جمال مندوخیل
اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا ہے کہ پارلیمان کو آئین میں ترمیم کا اختیار حاصل ہے، تاہم اسے عدلیہ کی آزادی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔ عدلیہ کی آزادی برقرار رکھنا پارلیمان، عدلیہ اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اپنے اعزاز میں منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ اگر عدلیہ عوام کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی تو لوگ انصاف کے حصول کے لیے اپنے طریقے اختیار کر سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں معاشرے میں انتشار اور بدامنی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان عوام کی نمائندہ اور قانون سازی کا آئینی ادارہ ہے، اس لیے عدلیہ کی آزادی کے تحفظ میں اس کا کردار انتہائی اہم ہے۔ صرف ایک آزاد عدلیہ ہی شہریوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنا سکتی ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کیس میں عدالتی آزادی کی تشریح کی، جبکہ شہداء فورم بلوچستان کیس میں اختلافی نوٹ کے ذریعے بھی اس تصور کی وضاحت کی گئی۔
انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض ججوں نے اپنے حلف کی پاسداری کے لیے جرات کا مظاہرہ کیا۔ جسٹس افتخار چوہدری نے آمر کے غیر آئینی مطالبے کو ماننے سے انکار کیا، جبکہ وکلا تحریک اور عوامی حمایت نے پرویز مشرف کو اقتدار چھوڑنے پر مجبور کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب عوام اور وکلا عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو عدالتیں آئین کا دفاع کرتی ہیں۔ اپوزیشن میں جج کے مؤقف کی حمایت کرنا اور حکومت میں آکر اسی فیصلے پر تنقید کرنا افسوسناک طرز عمل ہے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا کہ جج کی ذمہ داری آسان نہیں بلکہ انتہائی اہم ہے۔ عدالتی فیصلے آئین، قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں، اس لیے عدلیہ کی آزادی کا تحفظ ناگزیر ہے۔