خوشاب: بریک فیل ہونے پر ڈرائیور کے کودنے کے بعد مسافر نے بس سنبھال لی،کئی جانیں بچا لیں

پیل چوک کے قریب پیش آنے والے واقعے میں شہری کی حاضر دماغی پر خوشاب پولیس نے خصوصی اعزاز سے نوازا

November 11, 2026 · قومی

بریک فیل ہونے پر ڈرائیور کے کودنے کے بعد مسافر نے بس سنبھال لی، کئی جانیں بچا لیں

خوشاب: راولپنڈی سے سرگودھا جانے والی مسافر بس کی بریکس فیل ہونے اور ڈرائیور کے چلتی گاڑی سے کود جانے کے بعد ایک مسافر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسٹیئرنگ سنبھال لیا اور ممکنہ حادثے سے بچاتے ہوئے تمام مسافروں کی جانیں محفوظ بنا لیں۔

خوشاب پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعہ پیر کے روز پیل چوک کے قریب پیش آیا، جہاں بس کی بریکس اچانک فیل ہوگئیں۔ گاڑی کی رفتار زیادہ نہیں تھی، تاہم بریکس فیل ہوتے ہی مسافروں کو صورتحال کا اندازہ ہوگیا اور بس میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی کوشش کرنے کے بجائے اچانک چلتی بس سے چھلانگ لگا دی، جس کے باعث گاڑی بے قابو ہوکر لہرانے لگی اور مسافر شدید خوفزدہ ہوگئے۔

اسی دوران بس میں موجود ایک مسافر نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈرائیور کی سیٹ سنبھال لی اور گاڑی کا اسٹیئرنگ کنٹرول میں رکھتے ہوئے آگے بڑھاتا رہا۔ دیگر مسافروں نے بھی اس کی مدد کی اور بالآخر بس کو بحفاظت روکنے میں کامیاب ہوگئے۔ اس طرح تمام مسافر محفوظ رہے اور بحفاظت گاڑی سے اتر گئے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے بس روکنے والے شہری کے لیے توصیفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا، جو بعدازاں انہیں پیش کردیا گیا۔

اس موقع پر ڈی پی او خوشاب ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے شہری کی بہادری اور حاضر دماغی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اور مشکل وقت میں بہادری کا مظاہرہ قابلِ تحسین عمل ہے۔

دوسری جانب انٹرنیٹ صارفین بھی سوشل میڈیا پر واقعے کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مسافر کی بہادری کو سراہ رہے ہیں اور انہیں ’ہیرو‘ قرار دے رہے ہیں۔