ڈیجیٹل اسکرینز پر زیادہ وقت آنکھوں کیلیے خطرناک

دھندلا پن آسکتا ہے- جلن- سردرد اور پلکیں جھپکنے کی رفتار کم ہوسکتی ہے ، رپورٹ- اسکرین سے مناسب فاصلہ رکھیں ، ماہرین چشم

November 11, 2026 · امت خاص
فائل فوٹو

فائل فوٹو

محمد اطہر فاروقی :

موبائل فون، کمپیوٹر اور دیگر ڈیجیٹل اسکرینوں کے مسلسل استعمال سے ڈیجیٹل آئی اسٹرین یا کمپیوٹر ویژن سنڈروم کی علامات سامنے آ رہی ہیں۔ جن میں آنکھوں کی خشکی، جلن، دھندلا پن اور سر درد نمایاں ہیں۔

ماہرین امراض چشم کے مطابق مسلسل اسکرین دیکھنے سے پلکیں جھپکنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔ جس کے باعث آنکھوں کی قدرتی نمی متاثر ہوتی ہے اور مختلف علامات ظاہر ہونے لگتی ہیں۔ روزانہ 8 سے 10 گھنٹے کمپیوٹر کے سامنے کام کرنے والے افراد میں اس کیفیت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ خصوصاً ایسے افراد میں جو مسلسل کام کرتے ہیں اور درمیان میں وقفہ نہیں لیتے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ موبائل فون کا استعمال ضرورت کے مطابق کیا جائے۔ لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر استعمال کرتے وقت اسکرین سے مناسب فاصلہ رکھا جائے اور ہر 20 منٹ بعد 20 سیکنڈ کیلئے اسکرین سے نظریں ہٹا کر تقریباً 20 فٹ دور کسی چیز کو دیکھا جائے۔ اسکرین دیکھنے کے دوران پلکیں باقاعدگی سے جھپکانے، وقفے لینے اور چہل قدمی کو معمول بنانے سے بھی آنکھوں کو آرام مل سکتا ہے۔

پاکستان میں موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کے بڑھتے استعمال کے باعث اسکرین ٹائم میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کے اثرات دیگر بیماریوں سمیت آنکھوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے مریض اسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں جن کی آنکھوں میں سرخی، خشکی، جلن اور دھندلا پن آ رہا ہے۔

’’امت‘‘ نے اس حوالے سے ماہرین امراض چشم سے رابطہ کیا تو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف ٹراما میں آنکھوں کے ماہر پروفیسر ڈاکٹر مشہود الظفر فاروق نے بتایا کہ اسکرین ٹائم زیادہ ہونے سے آنکھیں متاثر ہوتی ہیں۔ اسے طبی زبان میں ڈیجیٹل آئی اسٹرین (Digital Eye Strain) یا کمپیوٹر ویژن سنڈروم (Computer Vision Syndrome) کہتے ہیں۔

مسلسل اسکرین کو دیکھنے سے ہماری پلکیں جھپکنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے، جو عام حالات میں تقریباً 15 سے 20 مرتبہ ایک منٹ میں ہوتی ہے۔ لیکن جب بھی ہم نزدیک کا کوئی کام کرتے ہیں یا اسکرین دیکھتے اور پڑھتے ہیں تو یہ رفتار کم ہو جاتی ہے۔

اسکرین ٹائم زیادہ ہونے سے آنکھوں میں خشکی پیدا ہو جاتی ہے، جس سے آنکھوں میں جلن، خارش، آنکھوں کا سرخ ہونا، تھکاوٹ اور بوجھ محسوس ہوتا ہے۔ کبھی کبھی اسکرین سے نظریں ہٹانے کے بعد دھندلا نظر آتا ہے۔ سر میں درد ہوتا ہے اور قریب سے دور یا دور سے قریب دیکھنے میں تھوڑی سی مشکل پیش آتی ہے۔ فوکس واپس اپنی جگہ آنے میں بعض اوقات تھوڑا وقت لگ جاتا ہے۔

اسکرین ٹائم زیادہ ہونے سے آنکھوں کے پردے پر براہ راست تو کوئی خرابی نہیں ہوتی، تاہم پلکیں جھپکنے کی رفتار میں کمی کی وجہ سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پروفیسر مشہود کے بقول ’’ہماری پریکٹس میں اس وقت جو مریض آ رہے ہیں، ان میں زیادہ تر ایسے مریض شامل ہیں جن کا اسکرین ٹائم زیادہ ہے۔ تاہم کوئی حتمی اعدادوشمار موجود نہیں اور نہ ہی یہ کہا جا سکتا ہے کہ تمام مریضوں میں یہ مسائل ہیں۔ البتہ یہ کہنا درست ہوگا کہ اس وقت اسکرین ٹائم زیادہ ہونے کی وجہ سے آنکھوں کے مسائل میں مبتلا مریض اسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔

اسکرین ٹائم زیادہ ہونے سے آنکھوں کے جو بنیادی مسائل پیدا ہوتے ہیں، ان میں آنکھوں کا خشک ہونا، دھندلا نظر آنا، سر درد و پیشانی میں درد شامل ہیں۔ یہ خاص طور پر کمپیوٹر ویژن سنڈروم کی علامات ہیں۔ مذکورہ علامات میں سے کوئی بھی علامت ظاہر ہو تو سب سے پہلے ماہر امراض چشم سے لازمی چیک اپ کروائیں۔ ایسے افراد جن کا کام ہی کمپیوٹر یا اسکرین سے جڑا ہو، انہیں ہر 20 منٹ کے بعد اسکرین سے نظر ہٹا کر 20 سیکنڈ کیلئے کہیں دوسری طرف دیکھنا چاہیے یا آنکھیں بند کر کے رکھنی چاہئیں۔ تقریباً 20 فٹ دور کی کسی چیز کو دیکھیں۔ اس سے آنکھوں کے فوکس کرنے کے نظام کو آرام ملتا ہے اور عالمی ادارہ صحت نے بھی اس حوالے سے یہی احتیاط بتائی ہے۔

لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر وغیرہ زیادہ استعمال کرنے والے افراد اسکرین سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ اپنی پلکیں جھپکانے کی رفتار کو خود سے تھوڑا سا بڑھائیں اور ہر ایک گھنٹے بعد چند منٹ کیلئے اپنی جگہ تبدیل کر لیں۔ آنکھوں کی حفاظت کیلئے ضروری ہے کہ موبائل فون کا جتنا ممکن ہو، استعمال کم کریں اور خاص طور پر بچوں کو بھی موبائل فون اور اسکرین سے دور رکھیں۔

اسکرین کو بہت قریب سے دیکھنے سے بھی پرہیز کریں۔ بڑوں کو ہر سال اپنی آنکھوں کا معائنہ کرانے کی ضرورت ہوتی ہے اور ساتھ ہی بچوں کی آنکھوں کا معائنہ بھی کراتے رہنا چاہیے۔ بچوں کو آؤٹ ڈور جسمانی کھیلوں کی طرف راغب کریں اور چہل قدمی کو زندگی کا حصہ بنا لیں۔ مذکورہ حفاظتی اقدامات آنکھوں کو بھی محفوظ رکھیں گے۔

آغا خان یونیورسٹی اسپتال کی سینئر انسٹرکٹر اور ماہر اعصاب و امراض چشم ڈاکٹر سحریش مومن نے بتایا کہ ’’ڈیجیٹل اسکرینز کا طویل وقت تک استعمال آنکھوں کی صحت اور دیکھنے کی صلاحیت کو متاثر کر سکتا ہے۔ اس کا سب سے عام نتیجہ ڈیجیٹل آئی اسٹرین یا کمپیوٹر ویژن سنڈروم کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ جب ہم کسی ڈیجیٹل اسکرین پر مسلسل توجہ مرکوز رکھتے ہیں تو پلکیں جھپکنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث آنکھوں کی نمی تیزی سے کم ہونے لگتی ہے اور آنکھوں میں خشکی پیدا ہوتی ہے۔ اس سے جلن، خارش، سرخی، پانی آنا، دھندلا نظر آنا، سر درد اور توجہ مرکوز کرنے میں دشواری جیسی علامات پیدا ہو سکتی ہیں۔

اسکرین کا استعمال بنیادی طور پر آنکھوں میں تھکاوٹ اور بے آرامی پیدا کرتا ہے۔ اس وقت ڈیجیٹل آئی اسٹرین کی شکایات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خاص طور پر طلبہ، دفاتر میں کام کرنے والے افراد اور طویل وقت تک ڈیجیٹل آلات استعمال کرنے والوں میں یہ مسئلہ زیادہ سامنے آتا ہے۔

ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اسکرین سے متاثرہ مریضوں کی تعداد کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا، کیونکہ کوئی ایسا مستند اور حتمی تناسب موجود نہیں، جس کی بنیاد پر متاثرہ مریضوں کی تعداد بتائی جا سکے۔ آنکھوں کے عمومی او پی ڈی میں ایسے مریض آتے ہیں جنہیں آنکھوں کی خشکی، سر درد، وقفے وقفے سے دھندلا نظر آنے اور آنکھوں کی تھکاوٹ کی شکایت ہوتی ہے۔ بعض مریض ابتدا میں یہ بھی نہیں سمجھ پاتے کہ ان کی علامات کا تعلق زیادہ اسکرین استعمال کرنے سے ہے۔

ڈاکٹر سحریش کے مطابق طویل وقت تک اسکرین استعمال کرنے سے آنکھوں کے کئی مسائل سامنے آ سکتے ہیں، جن میں ڈیجیٹل آئی اسٹرین، آنکھوں کی خشکی، سر درد، دھندلا نظر آنا اور آنکھوں کے فوکس کرنے کے نظام میں خرابی شامل ہیں۔ تاہم اس بات میں فرق سمجھنا ضروری ہے کہ ڈیجیٹل آئی اسٹرین کی علامات اور آنکھوں کی مستقل بیماریاں ایک جیسی نہیں۔ اسکرین کا استعمال بذاتِ خود موتیا، کالا موتیا یا پردہ چشم کو نقصان پہنچانے کی براہِ راست وجہ ثابت نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اسکرین کا استعمال مکمل طور پر چھوڑنا ممکن نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کام کے دوران آنکھوں کی حفاظت کیلئے صحت مند عادات اپنائی جائیں۔ جن افراد کی نظر کمزور ہے، انہیں کمپیوٹر کے استعمال کے دوران بھی اپنے چشمے کا درست نمبر استعمال کرنا چاہیے۔