ایشین چیمپئن اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں 40 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم

3 سے 7 نومبر تک اسلام آباد میں ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 2-0 سے ہرایا

November 11, 2026 · قومی

رانا ثناء اللہ کی زیرِ صدارت تقریب، ایشین چیمپئن اسکواش ٹیم کے کھلاڑیوں میں 40 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم

وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے صدر رانا ثناء اللہ خان کی زیرِ صدارت تقریب منعقد ہوئی، جس میں 23ویں ایشین ٹیم اسکواش چیمپئن شپ 2026 میں تاریخی کامیابی حاصل کرنے والی قومی مردوں کی ٹیم کے چار کھلاڑیوں میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

پاکستان کے کھلاڑی نور زمان، محمد عاصم خان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان کو فی کس 10 لاکھ روپے کے حساب سے مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے کے نقد انعامات دیے گئے۔

3 سے 7 نومبر تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں کھیلے گئے اس براعظمی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل میں جنوبی کوریا کو 2-0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔

فائنل میں نور زمان نے جونگ من ریو جبکہ محمد عاصم خان نے سیوجن اوہ کو مسلسل سیٹس میں شکست دے کر پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔

اس موقع پر رانا ثناء اللہ خان نے کھلاڑیوں، کوچز اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو قومی فخر کا باعث قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بہترین صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی سرپرستی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔

رانا ثناء اللہ خان نے قومی ٹیم کی محنت، نظم و ضبط اور لگن کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ تاریخی فتح ملک میں اسکواش کی ترقی اور نئی نسل کے لیے ترغیب کا باعث بنے گی۔