کوہاٹ حملے کے 10 پولیس شہداء کی نماز جنازہ ادا، اعلیٰ حکام کی شرکت
نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر عسکری حکام بھی موجود تھے
کوہاٹ حملے کے 10 پولیس شہداء کی نماز جنازہ ادا، اعلیٰ حکام کی شرکت
کوہاٹ میں دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے 10 پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ایس ٹی سی گراؤنڈ میں ادا کردی گئی، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی اور دیگر عسکری حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کوہاٹ کے علاقے گھمبٹ میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کردیا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی گھمبٹ حیدر زمان اور اے ایس آئی مختیار سمیت 10 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور جوابی کارروائی میں 18 خوارج مارے گئے۔ حملہ آوروں نے پولیس کی متعدد گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔
شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی حیدر زمان، اے ایس آئی مختیار، یاسر، مدثر، عدنان، شہراز، حلیم، شمس اور ابراہیم سمیت دیگر اہلکار شامل ہیں۔
واقعے میں ایس ایچ او گھمبٹ اور ڈی ایس پی کے دو گنرز سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب شہداء کی تعداد کے حوالے سے ریسکیو 1122 اور خیبرپختونخوا پولیس کے اعداد و شمار میں فرق سامنے آیا ہے۔ ریسکیو 1122 نے 11 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کی، جبکہ خیبرپختونخوا پولیس کے مطابق 10 اہلکار جاں بحق ہوئے۔