غزہ میں امدادی ٹرکوں کی راہ نہ روکی جائے، لیوس ہیملٹن کا اسرائیل سے مطالبہ

لوگوں کو آزادی، تحفظ اور عزت سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ناانصافی ہے اور کسی انسان کی زندگی کو کم اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔

November 12, 2026 · بام دنیا
غزہ میں امدادی ٹرکوں کی راہ نہ روکی جائے، لیوس ہیملٹن کا اسرائیل سے مطالبہ

غزہ میں امدادی ٹرکوں کی راہ نہ روکی جائے، لیوس ہیملٹن کا اسرائیل سے مطالبہ

فارمولا ون کے سات مرتبہ عالمی چیمپئن لیوس ہیملٹن نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دے اور امدادی ٹرکوں کی آمد میں رکاوٹیں ختم کرے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق لیوس ہیملٹن نے یہ مطالبہ مصر میں رفح سرحدی گزرگاہ کے دورے کے ایک روز بعد کیا۔ وہ منگل کو مصر کے شہر العریش پہنچے تھے، جہاں انہیں غزہ بھیجی جانے والی امداد کی تیاری اور ترسیل کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے رفح گزرگاہ اور مصری ہلال احمر کے امدادی گوداموں کا بھی دورہ کیا۔

لیوس ہیملٹن نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں غزہ میں گزشتہ تین برس سے جاری اسرائیلی کارروائیوں اور انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو آزادی، تحفظ اور عزت سے محروم رکھنا انتہائی افسوسناک ناانصافی ہے اور کسی انسان کی زندگی کو کم اہمیت نہیں دی جانی چاہیے۔

فارمولا ون ڈرائیور نے بتایا کہ انہوں نے سرحد پر خوراک سے لدے امدادی ٹرکوں کی قطاریں دیکھیں، جو غزہ میں داخلے کے منتظر تھے اور انہیں اکثر تاخیر یا رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کے مطابق قریبی امدادی مرکز میں سلیپنگ بیگز، ابتدائی طبی امداد کی کٹس، طبی آلات، وہیل چیئرز اور بچوں کے لیے فٹ بال جیسی اشیا بھی مختلف وجوہات کی بنا پر روک دی گئی تھیں۔

ہیملٹن نے زور دیا کہ اسرائیل کو جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے امدادی سامان غزہ پہنچنے دینا چاہیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ غزہ کے شہریوں کی مشکلات کو معمول کی بات سمجھ کر نظرانداز نہ کیا جائے۔

41 سالہ لیوس ہیملٹن انسانی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی سرگرم ہیں۔ انہوں نے 2021 میں مشن 44 کے نام سے ایک فلاحی ادارہ قائم کیا تھا، جو نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار تک رسائی بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔