لاہور: بس کی ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق، ڈرائیور گرفتار
شاہدرہ میں افسوسناک حادثہ، بس ریورس کرتے ہوئے ماں بیٹی سے ٹکرا گئی، بچی اسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گئی
لاہور: بس کی ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق، ڈرائیور گرفتار
لاہور: شاہدرہ میں کوٹ شہاب الدین کے قریب بس کی ٹکر سے 6 سالہ بچی جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق بس نے سڑک عبور کرنے والی ماں بیٹی کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں زخمی ہوگئیں۔ زخمی خاتون اور بچی کو شاہدرہ ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم 6 سالہ انابیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق بس ڈرائیور گاڑی ریورس کر رہا تھا کہ اس دوران سڑک پر اپنی والدہ کے ہمراہ پیدل چلنے والی بچی بس کی زد میں آگئی۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔
شاہدرہ پولیس نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کرتے ہوئے بس ڈرائیور کو گرفتار کرلیا اور بس بھی تحویل میں لے لی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈرائیور اور بس کمپنی کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ غفلت اور لاپرواہی سے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔